To View This Blog in Nastaliq Script Download Faiz Nastaliq Unicode Font

Download Faiz Nastaliq Unicode Font from http://www.faiznastaliq.com/faiznastaliq.zip unzip & install it to your windows/font directory

Saturday, October 24, 2015




سنگھ پریوار کا مسلمانوں کو تباہ و برباد کرنے کےلیے نیا پینترا


از: ڈاکٹر ریحان انصاری
کہنے کو تو ہمارا ملک آزاد ہے، مختلف مذاہب کے ماننے والوں کو اپنے اپنے مذہبی امور کی ادائیگی کی دستوری آزادی اور حق حاصل ہے۔مگر حقیقت یہ ہے کہ مختلف موقعوں کی مناسبت سے ملک کے مسلمانوں کو یہ دستوری حقوق حاصل نہیں ہوتے یا دیگر مذاہب کے ماننے والوں کے جذبات کے احترام میں انهیں باز رہنا پڑتا ہے۔ غلامی کے دور سے لے کر آزاد ہندوستان تک کی تاریخ شاہد ہے کہ مسلمانوں نے مذہبی رواداری کے لیے ہمیشہ اپنے برادرانِ وطن کے جذبات کو ملحوظ رکھا۔ دوسری جانب برادرانِ وطن کی اکثریت نے بھی سدا رواداری کا ثبوت دیتے ہوئے ماضی میں عیدِ قرباں کے موقعوں پر مذہبی امور کی ادائیگی میں معاونت برتی تھی۔ آج بھی ہمارے غیرمسلم بھائیوں میں ایسے افراد کی اکثریت ہی ہے۔ لیکن آزادیٔ وطن سے ربع صدی پہلے وجود میں آئے ہوئے سنگھ پریوار کی (ابھی ابھی) لگام ڈھیلی ہوتے ہی اس کے پنجے اور شکنجے خونخوار ہو گئے۔ خود کو سبزی خور مشہور کرنے والوں نے رہ رہ کر مسلمانوں کے خون سے اپنی پیاس بجھائی ہے۔ نفرت و تعصب کی آگ پھیلانے اور اس ملک پر بلاشرکتِ غیرے راج کرنے کے لیے یہ پریواری جس موقع کی تلاش میں تھے وہ انھیں تقریباً ایک صدی کا انتظار کرنے کے بعد ہاتھ لگا ہے۔ مگر انھیں یہ غلط فہمی بھی ہے کہ انھیں اب اپنا ایجنڈا زیرِعمل لانے سے کوئی نہیں روک سکے گا! یقیناً اقتدار پر قبضہ ان کے لیے کچھ من مانیاں کرنے کی آسانی ضرور پیدا کررہا ہے اور وہ بھی پوری طرح سے اس موقع کا استعمال حسبِ ارادہ کرنے میں ایک لمحہ بھی ضائع کرنا نہیں چاہتے، لیکن؛ ... لیکن انھیں انسانی مزاج اور تاریخ کا یا تو علم نہیں ہے یا پھر خوش فہمی اور تجاہلِ عارفانہ میں مبتلا ہیں کہ اب اقتدار کسی دوسرے کے ہاتھ منتقل نہیں ہوگا! انسانی تاریخ میں عنانِ حکومت سنبھالنے کے بعد من مانی کرنے والوں نے ہمیشہ منہ کی کھائی ہے اور تاریخ کے سیاہ ابواب میں ان کو یاد کیا جاتا ہے۔ ہم حالیہ قتل (دادری سانحہ)، وارداتوں اور خبروں کا اعادہ اور ان پر تبصرہ نہ کرتے ہوئے وقت اور جگہ بچانا چاہتے۔ البتہ ان کے حوالوں سے کچھ نتائج نکال کر ایک فکر پیش کرنا چاہتے ہیں۔ کانگریسی دورِ اقتدار رہا ہو یا درمیان میں این ڈی اے کے روپ میں (کسی قدر مجبور) سنگھ پریوار کا راج رہا ہو؛ آزادیٔ وطن کے فوراً بعد گاندھی جی کے قتل کی سازش سے لے کر آج اخلاق کے قتل تک، سنگھ پریوار کا اکلوتا ایجنڈا یہی رہا ہے کہ مسلمانوں کو ہندوستان میں چین و سکون سے رہنے نہیں دینا ہے۔ اس کی نظر میں دیگر تمام مذاہب کے ماننے والے کم و بیش ’’چل جائیں گے‘‘ لیکن کسی ایک مسلمان کا چہرہ دیکھنا تک انھیں کبھی گوارا نہیں ہوتا۔ یہ عیار و چالاک ٹولہ ابتدا سے ہی موقع شناس ہے۔ اسی لیے مسلمانوں کی تعلیمی، سماجی، اقتصادی، ثقافتی اور مذہبی انفرادیت کا دشمن یوں بنا رہا کہ بیوروکریسی کی ہر اہم کرسی پر اسی کے گُرگے اور اسی کی بساط کے پیادے، گھوڑے، اونٹ، ہاتھی اور وزیر مقرر رہتے رہے ہیں۔ ان کی کینچلی اس وقت اترتی ہے جب وہ ریٹائر منٹ کے بعد خاکی نیکر سے اپنی وفاداری کی تجدید کا اعلان کرتے ہیں۔ اپنے پورے دورِ ملازمت میں وہ مسلمانوں، مسلم اداروں، مسلم نمائندگیوں اور مسلم نوجوانوں کی ہر بہبود کی راہ میں روڑے اٹکانے اور ان کی کوششوں کو ناکام بنانے کی ہر ممکن سعی کرتے ہیں۔ کبھی کبھار ہی ناکام ہوتے ہیں لیکن اکثر اپنے ناپاک ارادوں میں کامیاب ہوتے ہیں۔ اب اسی بات کو لے لیجیے کہ بابری مسجد کے انہدام کے بعد جب مسلمان تعلیمی پیش رفتیاں کرنے لگے تو ان کے باصلاحیت اور باعزم و باحوصلہ نوجوانوں کو بم دھماکوں کے الزام میں سلسلہ وار گرفتار کرکے جیلوں میں سڑایا جانے لگا۔ ہیمنت کرکرے جی کے لیے دل سے دعا نکلتی ہے کہ انھوں نے ان سازشیوں کو برسرِعام بے نقاب کردیا۔ انجام کار ایکسپرٹ بھگوا دہشت گرد قانون کے شکنجوں میں بری طرح پھنس گئے۔ جو اِدھر اُدھر دبکے بیٹھے تھے ان سے دھماکہ خیز مادے سنبھالے نہیںجارہے تھے تو ان کے مکانات یا فیکٹریوں میں ہی وہ پھٹنے لگے۔ سنگھ پریوار نے (مسلمانوں کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچانے کے بعد ) یہ حربہ بھی ناکام ہوتا دیکھا تو اس نے پینترا بدلا۔ نصیب سے ڈیڑھ برس قبل اسے اقتدار ہاتھ آگیا۔ اس کا استعمال کرتے ہوئے اس نے اپنے تمام شرپسندوں کو کھلا چھوڑ دیا۔یہ ٹولہ ’’فلاں فلاں جہاد‘‘ ’’گھرواپسی‘‘ وغیرہ کے بعد اب ’’مقدس گائے‘‘ کا حیلہ اپنا کر مسلمانوں کو وسیع تر اور منظم فسادات کرکے پریشان و تباہ کرنے کے درپے ہے۔ میڈیا اور انتظامیہ کامعاملہ بھی پوری طرح مشکوک رہتا ہے۔ کیا ہندوستان میں امن و سکون اور سلامتی کی اس طرح ضمانت دی جاسکتی ہے کہ ایک دوسری بڑی اکثریت کو آپ اذیتوں اور پریشانیوں میں مبتلا رکھیں؟ کیا اس قسم کے حالات باقی رکھے جاتے رہے تو ملک کی ترقی کے کبھی امکانات پیدا ہوسکتے ہیں؟ کیا ہم اس طرح کسی بہتر مستقبل کا خواب بن سکیں گے؟ اگر ملک سے وفاداری کا دعویٰ ہے تو ہر مذہب کے ماننے والوں کو بھی آزادی سے جینے کا حق دینا ہوگا۔

Monday, December 29, 2014

Muslim Reservation Cancelled
Congress Succeeded in it's Ploy
Dr. Rehan Ansari

ناگپور سے اس مرتبہ ہمارے لیے کھٹے سنترے آئے۔ مسلم ریزرویشن کی تجویز اپنے (متوقع) سیاسی انجام سے دوچار ہوئی۔ اسمبلی کا دو ہفتوں تک جاری رہنے والا سرمائی اجلاس اپوزیشن کے ناکارہ پن کے سبب بیشتر اوقات میں سرد تر ہی رہا۔پورے دوران میں کبھی کبھار اپوزیشن کی آوازیں کسی بیمار کے سینے سے ہوک کی مانند اٹھتی تھیں اور پھر کوئی نمایاں اثر ڈالے بغیر بند ہوجاتی تھیں۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ سرمائی اجلاس کے خاتمے کے ساتھ ہی (مسلم علاقوں میں) سیاسی ماحول کو گرمایا جانے لگا۔ اور اس عمل میں کانگریس پارٹی پیش پیش نظر آئی۔ ہمارے پیدائشی سیاسی بھولے بھائی بندوں نے کانگریس کی اس ہائےہو کو اپنی نمائندگی بھی تسلیم کیا اور فڈنویس حکومت پر تعصب و تنگ نظری کا الزام بھی خوب خوب لگایا اور ناانصافی کا بھی۔ ہم بھی اس بات کو یکسر غلط نہیں کہتے کہ ریاستی حکومت نے تعصب و ناانصافی نہیں برتی۔ مگر کیا اسی نومنتخبہ حکومت نے یہ غلطی کی ہے؟ پتہ نہیں آپ کا کیا خیال ہے لیکن ہمیں تو زیادہ شورشرابہ کرنے والوں کے چہرے ہی مجرم نظر آتے ہیں۔ اس پر کوئی گفتگو کرنے سے قبل آئیے پہلے کچھ آموختہ پڑھ لیں۔
ہم ریزرویشن کی تحریکات کی تفصیل میں نہ جاتے ہوئے بس یہ نکتہ پیش کرنا چاہتے ہیں کہ قلیل مدتی نارائن رانے کمیٹی نے ایسی کیا پُراثر رپورٹ پیش کردی کہ اس پر ہائی کورٹ کا امتناع بھی اثرانداز نہیں ہوا اور کانگریسی حکومت کے کانگریسی وزیر کی پیش کردہ رپورٹ کو بھاجپا کی حکومت نے یکلخت اور بلا تردّد منظور کرلیا لیکن طویل مدت تک چھان پھٹک اور مشاہدہ و مطالعہ کرنے والے بالغ نظر سابق جسٹس سچر، سابق چیف جسٹس رنگناتھ مشرا اور سابق آئی اے ایس افسر محمود الرحمٰن کی تین کمیٹیوں کی رپورٹوں میں ایسی کیا خامیاں اور سقم تھے کہ وہ توجہ کے مستحق بھی نہیں بن سکے؟



Justice Rajendra Sachar Presenting the Committee's Report
to the then PM Manmohan Singh

یہاں یہ حوالہ بے محل نہیں ہوگا کہ کوزیکوڈے کے مقام پر ہونے والی مارکسوادی کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے ۲۰؍ویں اجتماع، اپریل ۲۰۱۲ء، میں یہ ریزولیوشن پاس کیا گیا تھا کہ: ’’مسلمانوں کو جائز ریزرویشن دینے کی بابت کانگریسی حکومت جسٹس رنگناتھ مشرا کمیشن کی رپورٹ کو پارلیمنٹ کے ایوان میں مباحثہ کے لیے پیش کرنے کی بجائے اسے اترپردیش میں ہونے والے انتخابات میں سیاسی کھلونے یا حربے کے طور پر استعمال کررہی تھی۔اور ایسا کرتے ہوئے کانگریس نے فرقہ پرستوں کے ہاتھ مضبوط کیے اور انھیں بے لگام ہونے میں مدد کی، ساتھ ہی ساتھ سماج کے دیگر طبقات کو ایک کنفیوژن میں مبتلا کردیا۔ بائیں بازو کی پارٹیوں کے مسلسل مطالبہ کے باوجود کانگریسی حکومت نے ان رپورٹس سے چشم پوشی کی اور بے پروائی برتی‘‘۔
اسی طرح یہ بھی یاد کرلیں کہ ریاست میں تسلسل کے ساتھ منتخب ہونے والی کانگریسی حکومتوں نے متعدد مطالبات کے باوجود مذکورہ بالا رپورٹس کو زیرِ بحث ، زیرِ غور یا زیرِ عمل نہیں لایا۔ کیا ہم مسلم اتنے بے حس (یا زہر کے عادی) ہوچکے ہیں کہ ایک ہی بل سے بار بار ڈسے جانے کے باوجود ہوش میں نہیں آتے؟ کوئی مخلص متبادل قبول کرتے ہیں نہ تیار کرتے ہیں!




ہم مراٹھوں کے لیے ریزرویشن کے خلاف نہیں ہیں۔ نہ اس کے خلاف کوئی احتجاج یا ناخوشی کا اظہار کرتے ہیں۔ لیکن یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ نارائن رانے کمیٹی کی رپورٹ کی دستوری سطح پر مخالفت بھی ہوئی اور اس کے خلاف کیس بھی دائر کیا گیا۔ اور ادھر مسلمانوں سے متعلق تینوں کمیٹیوں کی رپورٹ کے ساتھ ایسا کچھ نہیں ہوا۔ اس کے باوجود سابق ریاستی کانگریسی اور مرکزی حکومتوں نے ان رپورٹوں کو سیاسی ہتھکنڈہ ہی بنانے کو ترجیح دی اور کبھی کوئی سنجیدگی دیکھنے کو نہیں ملی۔ برا نہ لگے اگر یہ کہیں کہ ہم نے اپنے یعنی مسلمان ایوانی نمائندوں کو بھی اس جانب محض سیاسی خاطرداری تک متحرک پایا ہے۔ چند نعرے، ایوان کے باہر تصویر کشی کی حد تک مظاہرے اور اردو اخبارات میں اپنے اس فعل کی تشہیر کرنے سے زیادہ کچھ کرتے ہوئے نہیں دیکھا۔ (تمام پارٹیوں کے) ہمارے یہ ایوانی نمائندے تو انتخاب کے بعد اپنے عام ووٹروں سے ملنے جلنے اور انھیں کسی مثبت تحریک کے لیے اکٹھا کرنے کے بھی روادار نہیں دکھائی دیتے۔
اسمبلی کا سرمائی اجلاس دو ہفتوں تک چلا۔ خاتمے کے موقع پر خود وزیرِاعلیٰ فڈنویس نے اپوزیشن کی کارکردگی پر جو ریمارک دیا وہ اسے شرمندہ کرنے کے لیے کافی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’کانگریس این سی پی کی سربراہی میں اپوزیشن بٹی ہوئی تھی، بے سمت تھی، اور بے اثر بھی‘‘۔ مگر افسوس اپوزیشن کا حال یہ ہے کہ ’’گالیاں کھاکے بے مزہ نہ ہوا‘‘۔
کارواں گذرنے کے بعد جب ہم غبار دیکھتے ہیں تو نظر آتا ہے کہ ہمارے ایوانی اور نام نہاد سیاسی نمائندے طرح طرح کی حرکتوں میں مبتلا ہیں۔ سڑک اور گلیوں میں ریاستی حکومت پر الزام تراشیاں کر رہے ہیں۔ ان کی خدمت میں بڑے ادب کے ساتھ عرض ہے کہ بھائی صاحب ریاست میں جس پارٹی کی حکومت بن چکی ہے اس کے بہت سے ایجنڈے خفیہ ہوں تو ہوں؛ مگر مسلمانوں کے تئیں کوئی ایک موقع بتلا دیجیے کہ ان کا ایجنڈا آپ لوگوں کی مانند خفیہ رہا ہو؟ اس نے بار بار مسلمانوں کی کھل کر مخالفت کی ہے۔ قومی سطح سے لے کر علاقائی سطح تک (پارٹی کے اندر یا باہر) اس نے مسلمانوں کے ساتھ سوتیلا رویہ ہی رکھا ہے۔ تو آخر آپ نے ایسی حکومت سے کیوں یہ جھوٹی آس لگائی تھی؟ پھر آج کل آپ کی جانب سے جو احتجاج اور نعرہ بازیاں کی جارہی ہیں ان کو (اردو اخبارات کے علاوہ) کیا کسی بھی قسم کا قومی، ریاستی یا علاقائی میڈیا کوریج دے رہا ہے؟ کہیں کوئی ہنگامہ یا ہمدردی کا مظاہرہ ہو رہا ہے؟ کیا ریزرویشن کے آرڈیننس کے نابود یا مرحوم ہوجانے کے بعد اس احتجاج سے کچھ حاصل بھی ہونے والا ہے؟ آخر اپنی بھوک کا علاج کرنے کے لیے ملت کے مفادات کو نگل جانے کی عادت کیوں بنا لی ہے؟ کانگریس پارٹی تو سنجیدہ ہونے سے رہی، ملت کی ناگفتہ حالت کو دیکھتے ہوئے آپ لوگ تو سنجیدہ ہوجائیں۔
کانگریس نے مسلمانوں کو ریزرویشن نہ دیئے جانے کے بعد جو اچھل کود مچائی ہے وہ انتہائی مشکوک ہوجاتی ہے۔ جس حکومت نے دس برسوں تک کمیٹیوں کی رپورٹ پر جمنے والی دھول صاف کرنے کی ذمہ داری تک نہیں نبھائی، اس نے اچانک کس نیت کے ساتھ اپنی میعاد کے بالکل آخری دنوںمیں ایک آرڈیننس جاری کرنے کا کھیل کھیلا تھا؟ اسی آرڈیننس کی بنیاد پر مسلمانوں سے ووٹ بھی طلب کیے۔ کیا کچھ برسوں نہ سہی کچھ مہینوں قبل ہی وہ اسے بل کی صورت میں نہیں پیش کرسکتی تھی؟ کیا وہ اسے منظور نہیں کرواسکتی تھی؟ یقیناً وہ یہ سب کرسکتی تھی مگر جیسا کہ سی پی آئی (ایم) نے دو برسوں قبل ہی بتلا دیا تھا کہ کانگریس اسے صرف سیاسی ہتھیار بنانا چاہتی تھی، اس نے وہ کر دکھایا۔ افسوس کہ کانگریس فتح نہیں حاصل کرسکی مگر اس کی یہ سازش ضرور کامیاب ہوگئی کہ مسلمانوں کو ریزرویشن نہ دیا جائے اور اسے یہ موقع یا بہانہ بھی مل گیا کہ اس کے جرم کا طوق ریاستی بی جے پی حکومت کےگلے میں ڈال دیا جائے۔ سرِ دست مسلمانوں کی مجموعی حالت ایسی ہی ہے کہ وہ کانگریس کے اس جھوٹ کو سچ مان رہی ہے لیکن حق بات تو یہ ہے کہ بی جے پی نے ابتدا سے ہی کھلے بندوں یہ اعلان کیا ہے کہ وہ مسلمانوں کو مذہب کی بنیاد پر ریزرویشن دینے کے خلاف ہے، تو بھلا اس کا ایک ریاستی وزیرِ اعلیٰ یا اس کی پوری ٹیم کیونکر اپنے اس کھلے ایجنڈے کے خلاف جا سکتے تھے؟


Sunday, August 31, 2014


ISIS: A Political Force, Not Islamic
Dr. Rehan Ansari
اسلامی گروہ اور مسلمان مسلح گروہ میں وہی بنیادی فرق ہے جو اسلامی مملکت اور مسلم ملک یا سلطنت میں ہوتا ہے؛ مسلم امیر اور مسلمان بادشاہوں میں ہوتا ہے؛ خدمتِ دین اور دین داری ( و دُنیاداری) میں ہوتا ہے۔ اسی مناسبت سے عراق کے نوخیز گروہ داعش کو ہم اسلامی نہیں سرِ دست مسلمان گروہ تسلیم کرتے ہیں۔
اس گروہ کا اچانک عالمی سیاسی منظر نامہ پر ایک ہنگامہ خیز داخلہ ہوا ہے۔ کیا اپنے کیا بیگانے اکثر اس کے خلاف ہیں۔ اس کی تاریخ اور اس کے صحیح اغراض و مقاصد بھی پوری طرح واضح نہیں ہیں۔ ہم میڈیا سے دستیاب معلومات پر پوری طرح اکتفا بھی نہیں کرسکتے۔ کیونکہ اکثر میڈیا پر مغربی طاقتوں کی خواہش و منشا کا غلبہ ہے اور یہ ان طاقتوں کے مفادات کا پورا پورا لحاظ رکھتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ اسے دہشت گرد اور شدت پسند گروہ سے تعبیر کرتا ہے۔
جو بھی فرد یا گروہ (خصوصاً اسلامی گروہ یا جماعت) مغربی یا امریکی (تجارتی یا مادّی) مفادات کے خلاف ہوجاتے ہیں یا مزاحمت آمادہ ہوتے ہیں انھیں عالمی میڈیا کے ذریعہ انھی القابات سے نوازا جاتا ہے۔ اتفاق سے تازہ تاریخ میں طالبان، القاعدہ، صدام حسین،  اخوان المسلمون، وغیرہ چند مثالیں ہیں جن کے وجود تک انھیں طرح طرح کے الزامات اور حملوں کا سامنا رہا اور جب یہ ختم ہو گئے یا کمزور ہوگئے تو ان پر لگے الزامات کافور ہوگئے، دنیا کو بھی ان الزامات کی حقیقت کی دریافت یا بازپرس سے کوئی غرض نہیں رہی، استبدادی طاقتیں یوں بھی جوابدہی کی ذمہ داری سے بالا ہوتی ہیں، دنیا کے بیشتر ممالک تو امریکہ اور یورپ کے بندۂ بے دام بننا ہی پسند کرتے ہیں، خواہ اس کے لیے انھیں کیسی ہی قیمت کیوں نہ چکانی پڑے۔
اقوامِ متحدہ کے استفسار پر اپنا موقف واضح کرتے ہوئے الجامعۃ الازہر کے سربراہ مفتیِ اعظم شوقی عالم نے داعش کی مذمت کی ہے اور اسے ایک ایسی بدعنوان انتہاپسند تنظیم قرار دیا ہے جو اسلام کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ان کے مطابق داعش ایک ایسا نتہاپسند اور خونی گروپ ہے جو اسلام اور مسلمانوں کے لیے ضرر کا باعث ہے۔جس کا تشخص خونریزی اور بدعنوانی سے آلودہ ہے۔
مفتیِ اعظم شوقی عالم نے مزید رائے یہ دی ہے کہ داعش کی کارروائیاں ان اسلام دشمنوں کے ہاتھ مضبوط کرنے کا ذریعہ بن رہی ہیں جو مسلمانوں کو تباہ کرنا چاہتے ہیں اور ہمارے معاملات میں مداخلت کرنا چاہتے ہیں۔


Areas captured by ISIS
داعش کی حالیہ کارروائیاں اسے ان الزامات سے بری بھی نہیں کرتیں۔ان کے ماضی میں ایسی کوئی تعمیراتی سماجی خدمات یا تحریکات بھی نہیں ہیں جنھیں مثبت عمل کہا جائے۔ داعش کے مقبوضہ علاقوں کی حدیں شمالی عراق اور شام میں ہیں۔ خصوصاً تیل سے مالامال علاقے۔اس کا پورا اعمال نامہ ابھی علاقے ہتھیانے اور ان علاقوں پر اپنی مرضی کے مطابق عوام پر حکومت کرنے سے بھرا ہوا ہے۔ ان کی کوئی ایک مثبت قدر ہم ہندوستانیوں کے سامنے آئی ہے تو وہ یہ کہ ہندوستانی نرسوں کو بخیروعافیت وطن واپسی میں امداد اور تعاون کیا۔ گوکہ اس جانب نرسوںکی واپسی تک اپنے وطن کا میڈیا (ماہِ رمضان میں بھی) انھیں جابر اور بدخواہ و بدکردار ثابت کرنے میں ایک دوسرے پر بازی مارنے کی کوششوں میں مبتلا دکھائی دے رہا تھا اور اس کی اکلوتی وجہ داعش کا اسلامی خلافت کے قیام کا اعلان اور ان کا سخت گیر اسلامی تشخص تھا۔ جب نرسوں نے واپسی کے بعد اپنے انٹرویوز میں داعش کے اخلاق کی تعریف کی تواس میڈیا کے منہ پر تالے اور آنکھوں پر پٹیاں پڑگئیں۔ نرسوں کی ہمدردی اور روزگار کے معاملہ میں (سرکاری و غیرسرکاری) گھگھیانے والے ان کی واپسی کے بعد بدنام جانور کی سینگ کی طرح غائب ہوگئے؛ اور نرسیں اپنے ملک میں بے یارومددگار ہیں۔

Indian Nurses from Iraq back at home
ایک دوسرا سنگین واقعہ داعش کے ہاتھوں یزیدی فرقہ کے افراد کا قتلِ عام تھا۔اس واقعہ کے بعد ایک عراقی وزیر نے یہ اعلان بھی کیا تھا کہ داعش نے سیکڑوں یزیدیوں کو ہلاک کر دیا ہے اور ان کی عورتوں کو کنیزیں بنا لیا ہے۔مزید یہ کہ بعض یزیدیوں کو زندہ درگور کردیا ہے۔ ان الزامات کی حقیقت و ثبوت ہنوز پردۂ اخفا میں ہیں۔ اسی الزام کا آسرا لے کر امریکہ نے داعش پر کوہستانی علاقوں میں فضائی حملے شروع کیے ہیں۔
داعش نے عراق اور شام میں اپنے زیرِ تسلط علاقوں میں اسلامی خلافت قائم کرنے کا اعلان کررکھا ہے۔ اس پر گفتگو آگے ہوگی البتہ جو تفصیلات ہم تک پہنچی ہیں ان کے مطابق داعش کی ماضی میں القاعدہ سے وابستگی تھی اور اس گروہ کو ابتدا میں ’القاعدہ آف عراق‘ کے نام سے جانا جاتا تھا۔ بعد میں اس کے نام کی تبدیلی عمل میں آئی۔ موجودہ داعش مخفف ہے ’دولت الاسلامیۃ العراق و الشام‘‘ کا۔گذشتہ آٹھ برسوں میں اس کا وجود عراقی خانہ جنگی اور مختلف جنگجویانہ وارداتوں کے دوران رفتہ رفتہ ظاہر ہوا۔ لیکن اسے قبولیت عام حاصل ہونے میں اس کی کارروائیاں مانع ثابت ہوئیں۔ بیشتر کے نزدیک یہ شیعہ مخالف اور صوفی اِزم کے خلاف ایک دستہ کے روپ میں سامنے آیا؛ کیونکہ انھوں نے مقدس تصور کیے جانے والے مقابر پر حملہ کردیا تھا۔ اس تنظیم کا حالیہ سپریمو ابوبکر البغدادی ہے جو کوئی معروف شخصیت بھی نہیں ہے۔
تبصرہ نویسوں نے لکھا ہے کہ امریکہ نے بعث کی طاقت ختم کرکے غلطی کی ہے، اس کی وجہ سے اندرونی مزاحمت کم ہوگئی جس کے نتیجہ میں داعش کو ابھرنے کا موقع ملا۔ تصادم کی نیتی داعش کے لیے نفع بخش نہیں ہے۔ ایسا کرنے والی تنظیمیں بہت کم عرصہ میں نیستی کا شکار ہوجاتی ہیں یا تاریخ میں بدنام رہتی ہیں۔
امریکہ اور دیگر یورپی طاقتیں مشرقِ وسطیٰ میں مستحکم و فعال ریاستوں کا قیام چاہتی ہی نہیں۔اپنے منصوبوں کو مفاد بخش بنائے رکھنے کے لیے وہ داعش اور طالبان وغیرہ جیسے گروہوں کو زندہ رکھتی ہیں۔ عراق کی حالیہ تباہی کا صد فیصد ذمہ دار امریکہ ہے لیکن دنیا کا میڈیا امریکہ کو اس طرح پیش کیے جارہا ہے گویا عراق کے جملہ مسائل کا حل کرنے کی صلاحیت صرف امریکہ اور اوبامہ میں ہے۔ اوبامہ بھی اپنی چالیں مہرے اور گھر دیکھ کر چل رہے ہیں۔ کبھی آگے چلتے ہیں تو کبھی ڈھائی کی جست لگاتے ہیں۔ داعش کے ہاتھوں یزیدیوں کی ہلاکت کے بہانے امریکی فضائی حملے اس کی تازہ مثال ہیں۔ ورنہ اس کے پہلے وہ عراق میں کسی تازہ فوجی مداخلت سے انکار کر رہے تھے۔ ان کا یہ قول بھی کتنی تہیں رکھتا ہے ملاحظہ فرمائیں: ’امریکہ اس مسئلہ کا کوئی فوجی حل نہیں رکھتا، بلکہ اس کا عراقی روپ (حل) پیش کرنا چاہتا ہے اسی لیے حملے مخصوص و محدود اہداف پر ہی کیے جائیں گے۔‘ امریکی فضائیہ شمالی کُردِستان میں داعش کی پیش رفت کو روکنے اور کوہستانی علاقوں میں محصور یزیدی اقلیت کو تحفظ دینے کی غرض پوری کرے گی۔
برطانوی وزیرِ اعظم ڈیوڈ کیمرون نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ ’داعش کے جنگجوبرطانیہ کے لیے براہِ راست خطرہ ہیں،اگر ہم نے ’’غیرمعمولی خطرناک دہشت گرد تحریک‘‘ کو روکنے کے لیے اقدام نہ اٹھایا تو یہ زیادہ مضبوط ہوتی جائے گی اور ہمیں برطانیہ کی سڑکوں پر نشانہ بنانے لگے گی!‘ یہ کون سی بڑ ہے یہ تو ڈیوڈ کیمرون ہی جانیں مگر انھیں ایسے اندیشے سوتے میں لاحق ہوئے ہیں یا جاگتے میں یہ ہماری سمجھ سے بالا ہے۔ کیونکہ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ داعش کی عسکری طاقت تو ٹوٹے پھوٹے عراق کی عسکری طاقت سے بھی کم ہے! البتہ ڈیوڈ کیمرون کے اعلان میں ان کی بدنیتی صاف اور واضح ہے۔
جب بھی مغربی اور امریکی طاقتوں کی مزاحمت میں یا ان کی پسندیدہ حکومتوں کی مخالفت کوئی سر ابھارتا ہے اسے یہ دہشت گرد اور پوری دنیا کے لیے خطرناک بتانے لگتے ہیں۔
داعش کا عندیہ ایک سخت گیر (سنّی؟) اسلامی مملکت کے قیام کا ہے۔ اوّل تو سخت گیری اسلام کا وطیرہ ہی نہیں ہے۔ خلافت تو جمہوری طریقہ سے قائم ہوتی ہے۔ داعش کا طریقۂ کار اسلامی خلافت کے مسلمہ و مقبول اکرام کو بدنام کرنے والا ہے۔
آبزرور اخبار کو تحریر کردہ ایک خط میں بشپ آف لیڈز نکولس بینز نے کہا کہ ’’دنیا میں تیزی سے پروان چڑھتے ہوئے اسلامی انتہاپسندی کے رجحان کو روکنے کے لیے ہمارے پاس مربوط اور جامع اپروچ کی کمی ہے۔‘‘ یہ زبان کسی معاملہ میں عیسائیوں یا یہودیوں سے متعلق ایک اسلامی رہنما کی ہوتی تو دنیا بیک زبان اسے دہشت گردی کا ترجمان بولتی مگر پادری اس الزام سے بری ہیں۔
داعش نیا اسلامی گروہ ہے مگر غلطیاں وہی جذباتی اور جارحانہ انداز میں دُہرا رہا ہے جو اس سے قبل طالبان اور اخوان المسلمون وغیرہ نے کی تھیں۔ اس زمرے میں آیت اللہ خمینی ایک استثنا ہیں۔ انھوں نے (شیعی) اسلامی ایران کے قیام کے ساتھ کامیابی حاصل کی تھی مگر ان کا وقت الگ تھا اور ایران کے عوام ان کے ساتھ جی جان سے لگ چکے تھے۔ اسی لیے بین الاقوامی سُوپرطاقتیں شکست کھا گئی تھیں وگرنہ رضاشاہ کو جلا وطنی نہ کرنی پڑتی۔
مصر میں اخوان المسلمین کا حالیہ انجام بھی عاقبت نااندیشی کی ایک عبرت انگیز مثال ہے۔ محمد مرسی اور اخوان نے انتخابات جیتنے کے بعد یہ سمجھ لیا تھا کہ انتخابات انھوں نے اپنے دم خم پر جیتا تھا۔ جبکہ حقیقت یہ تھی کہ حسنی مبارک سے تنگ آئے ہوئے عوام نے موقع غنیمت سمجھ کر تبدیلیٔ آب و ہوا کی خاطر ’بہارِ عرب‘ کے جھونکوں کے طفیل اخوان کو واضح اکثریت دلائی تھی۔ان کی طاقت مصر کے سبھی طبقوں اور عقیدوں کے عوام بنے تھے۔اسی لیے فوج بھی عوام کی رائے کے خلاف ایک قدم بھی اٹھانے سے گریزاں تھی۔ مگر جب مرسی نے نئے دستور (اسلامی) کے نفاذ کا اعلان کیا تو تاک میں بیٹھے ہوئے ملکی و بین الاقوامی بدخواہ اندھوں کو گویا دو آنکھیں مل گئیں۔انھوں نے فوری طور پر بدامنی پھیلانے کی سازش رچی بھی اور بروئے کار بھی لائی۔ نتیجتاً ہٹ دھرم اخوان کو معزول کردیا گیا۔ اخوان کو یہ کام جلد بازی کی بجائے حسنِ تدبّر کے ساتھ طویل وقتی منصوبے کے ساتھ دھیرے دھیرے بلا اعلان کرنا چاہیے تھا۔
اسلامی عدل و انصاف تمام انسانوں کا دل ماضی میں بھی جیت چکا ہے اور تاقیامت اس کا یہ اثر قائم رہنے والا ہے۔ البتہ اس کے نفاذ میں صرف عدل و انصاف اور سماجی مساوات و عدم تشدد کا ہی نام لیا جانا اس کے طویل مدتی نفاذ کی ضمانت بنے گا۔ اسلامی قوانین اور دستور جیسے ناموں سے اپنی دنیا کافی الرجِک ہو چکی ہے۔ آپ کو کئی دہائیوں اورممکن ہے صدیوں تک اس ذہنیت کی تبدیلی دیکھنے کو نہیں ملے گی۔