Ear DischargeDr. Rehan Ansari |
کان بہتا کیسے ہے؟
The Anatomical Relation Of Otorrhoea |
کان کے بیرونی سوراخ سے کسی بھی طرح کی رطوبت کے رساؤ Ear Discharge کو کان کا بہنا Otorrhoea (تلفظ: اوٹورّیا) کہتے ہیں۔ اس رساؤ کا منبع کان کی بیرونی نلی میں ہوتا ہے یا پھراندر کی جانب درمیانی (وسطی) کان میں کوئی تعدیہ یعنی انفیکشن Infection ہوتا ہے جو اس کا سبب بنتا ہے۔ مریض کے لیے حیرت کی بات یہ ہوا کرتی ہے کہ اس میں ’’درد نہیں ہوتا‘‘! البتہ سننے میں کچھ خلل ضرور پڑتا ہے۔ بہنے والی رطوبت کی کیفیت صاف اور بے بو پانی جیسی سے لے کر انتہائی گاڑھی، بدرنگ اور ناگوار بو تک ملتی ہے۔ اسی رطوبت کی کیفیت اور مریض کی روداد اصل میں تشخیص اور علاج کی بنیاد قرار پاتی ہے۔
صاف پانی جیسی بے بو رطوبت کے اچانک اخراج کی اصل وجہ یہ ہوسکتی ہے کہ کھوپڑی کی ہڈی میں کسی جگہ ضرب (مار) لگنے کی وجہ سے فریکچر ہو گیا ہو اور رطوبتِ نخائیہ (CSF) یعنی سیریبرو اسپائنل فلوئڈ کا اخراج ہو رہا ہو۔ یہ ایک ایمرجنسی صورت ہوتی ہے۔ مریض کا فوراً چیک اپ کرنا اور اسپتال میں داخل کرنا لازمی ہے تاکہ اضافی چیک اپ کے بعد مناسب علاج کیا جاسکے۔ اس حالت میں خون آلود رطوبت بھی آ سکتی ہے۔
ویسے خون آلود رطوبت کے اخراج کی دیگر کئی وجوہات ہیں جو زیادہ عام ہیں۔
تعدیہ Infection
کان کی سیپ پر ہونے والے جلدی امراض (ایکزیما اور سوریاسس) تو باہر سے ہی معائنہ اور تشخیص کیے جاسکتے ہیں۔ ان کا علاج بھی آسان ہوتا ہے۔
کان کی بیرونی نلی میں کئی طرح کے حالات پیش آتے ہیں۔ اس کی ساخت میں کچھ دور تک جلد ہوتی ہے اس لیے اس میں بال بھی موجود ہوتے ہیں اس سے آگے جھلی Mucus Membrane ہوتی ہے ۔ کان کی بیرونی نلی میں پیش آنے والی سوجن یا بالوں کی جڑ میں ہونے والا انفیکشن کافی دردناک ہوا کرتا ہے۔ مریض کافی بے چین ہوتا ہے اور سونے میں یہ درد کافی بڑھ جاتا ہے۔ اکثر راتوں کو جگا ڈالتا ہے۔ علاج میں کوتاہی یا تاخیر کے سبب اگر یہ انفیکشن کہنہ ہوجائے تو کان کی نلی کی جلد موٹی اور کسی قدر بے حس ہو جاتی ہے۔ اس پر آسانی کے ساتھ نوکیلی چیزوں سے خراش پڑ جاتی ہے۔
درمیانی کا ن سے رسنے والی رطوبت عموماً کان کے پردے میں زخم اور سوراخ کی وجہ سے ہوتی ہے۔ اس میں درد موجود نہیں ہوتا۔ کبھی ہوا بھی تو کافی ہلکا ہوتا ہے۔ البتہ کان کے پردے میں سوراخ سے قبل اندرونی کان کے انفیکشن کی وجہ سے مریض کو بے چین کردینے والا شدید درد ہوتا ہے۔ اکثر راتوں کو اس کی وجہ سے نیند نہیں آتی۔ بخار بھی ہوتا ہے۔ جب یہ پیپ کان کے پردے کو زخمی کرکے اس میں سوراخ بنا لیتی ہے اور باہر نکل آتی ہے تو اس کے بعد درد کم ہو جاتا ہے۔
Discharge From Ear Drum |
ایک متنازعہ فیہ معاملہ تیراکوں کے کان Swimmers' ear کے بہنے کے تعلق سے موجود ہے۔ جو لوگ تیرنے کے عادی ہیں یا اسی کام پر مامور ہیں ان کے کان بھی کبھی کبھی بہتے ہیں۔ سائنسی نقطۂ نظر سے صرف پانی کے کان میں چلے جانے کی وجہ سے کان نہیں بہتا۔ البتہ کان میں جراثیم پہلے سے موجود ہوتے ہیں یا فنگس (Fungus) پیدا ہو جاتی ہے، جنھیں پانی کی وجہ سے مناسب ماحول میسر آتا ہے اور وہاں انفیکشن پیدا ہو جاتا ہے۔
اسباب
کان کے بہنے کے دو اہم اسباب ہیں ایک جراثیمی (بیکٹیریا) اور دوسری پھپھوندی (فنگس)، تیسری اور کم اہم وجہ کان کے میل کا پتلا ہو کر نکلنا ہے۔ اس کے علاوہ جن بچوں (یا بڑوں) میں حفظانِ صحت کا معاملہ لاپروائی کا شکار ہوتا ہے، وہ بےحد گندے رہا کرتے ہیں، تو ان کے کان میں مکھیوں اور دوسرے کیڑوں کے ’لاروا‘ (Larva) پلتے ہیں اور یہ لاروا کان کے اندرونی حصہ و بیرونی نلی دونوں کو بے حد زخمی کر دیتے ہیں جس کی وجہ سے وہاں سے خون آلود رطوبت خارج ہونے لگتی ہے۔
Swollen Ear Drum about to Discharge |
علاج کا معاملہ سبب کی دریافت و تشخیص پر منحصر ہے۔ عام لوگوں میں کان کے بہنے کو بس ایک معمولی سی بات سمجھ لیا جاتا ہے اور میڈیکل اسٹور سے کان میں ڈالنے والا کوئی ڈراپ استعمال کرنا ہی کافی سمجھتے ہیں۔ لیکن اکثر لوگ افاقہ نہ ہو پانے کی وجہ سے پریشان ہو جاتے ہیں اور بہ حالتِ مجبوری ڈاکٹر سے رجوع کرتے ہیں۔ اس وقت تک بھی کافی تاخیر ہو چکی ہوتی ہے۔ اصل میں کان سے رِسنے والی رطوبت کی ظاہری کیفیت اور اس کا رنگ اور بو مرض کی تشخیص میں مددگار ہوتی ہے اور اسی کی مناسبت سے مناسب اینٹی بایوٹک، اینٹی فنگل دوائیں تجویز کی جاتی ہیں۔ ساتھ میں درد اور سوجن کم کرنے والی دوائیں اضافہ کی جاتی ہیں۔ حسبِ ضرورت کان میں ڈالنے کے لیے ڈراپ تجویز کرتے ہیں۔ مگر ان سب سے زیادہ ضروری ہوا کرتی ہے کان کی صاف صفائی۔ یہ کام خود سے کرنے کی کوشش کسی بھی نئی مصیبت میں مبتلا کر سکتی ہے اور کان کا پردہ بھی زخمی ہو سکتا ہے۔ کان کا پردہ سماعت کے عمل کا بنیادی حصہ ہے اس لیے کان کو کریدنے سے پہلے یہ ضرور نوٹ کرلیں کہ کہیں آپ اپنی قوتِ سماعت پر تو حملہ نہیں کر رہے ہیں؟۔ کان کی صفائی کے لیے کسی ماہر ڈاکٹر سے ہی رجوع کریں۔ کچھ لوگ سڑکوں اور پارکوں میں سرخ صافہ باندھے اور سرخ کمربند میں چند شیشیوں کو لپیٹ کر گھوم گھوم کر کانوں کو صاف کرنے والوں پر بھی بڑا اعتبار کرتے ہیں اور اکثر نقصان ہی اٹھاتے ہیں؛ پیسوں کا بھی اور صحت کا بھی.
Discharge Can be Seen From Outside |