To View This Blog in Nastaliq Script Download Faiz Nastaliq Unicode Font

Download Faiz Nastaliq Unicode Font from http://www.faiznastaliq.com/faiznastaliq.zip unzip & install it to your windows/font directory

Monday, February 13, 2012

Thank You Letter to M. Aslam Kiratpuri
Penned by: Dr. Rehan Ansari

On Behalf of: M. Aslam Kiratpuri Felicitation Forum, Mumbai
 یہ ہماری خوش نصیبی ہے اور ہم اپنے بخت پر بجا طور سے ناز کرتے ہیں کہ عالی جناب ’شیخ محمد اسلم حبیب الرحمن کرتپوری صاحب‘ المعروف اسلم کرتپوری کی چار دہائیوں پر محیط بے لوث خدماتِ جلیلہ کا اعتراف کرنے کا موقع ہمیں میسر ہوا ہے۔ یہ ہمارے لیے کلاہِ افتخار ہے۔ اسلم صاحب ممبئی کی اردو دنیائے صحافت کی ایک اہم شخصیت ہیں۔ آپ کی لازوال فنی و صحافتی خدمات کا ایک زمانہ ہی معترف نہیں ہے بلکہ آنے والے نونہالانِ قوم بھی اسے یاد رکھیں گے۔آپ فن کار ہیں اور جملہ شعبہ ہائے اردو صحافت و طباعت کے فن دان بھی ہیں۔ ’لاہوری اسکول‘ سے متعلق ہوتے ہوئے بھی روادار ایسے ہیں کہ دوسرے مکاتبِ خوشنویسی سے کبھی تعصب نہیں برتا اور اپنے شاگردوں کو بھی اس کی تعلیم دی۔ اسلم صاحب نے اسکولی عمر میں ہی خطاط الہند فیض مجدد لاہوری کے سامنے زانوئے تلمذ تہہ کیا، استفادہ کیا، مشق کرتے رہے، الفاظ کی نوک پلک سنوارتے رہے، فیض صاحب کے شاگردِ رشید ثابت ہوئے۔ ان سے اکتسابِ فن کا کبھی کوئی موقع ضائع نہیں کیا۔
 آپ نے ممبئی کے بیشتر اردو اخبارات میں خدمات انجام دیں۔ آپ خوشنویس بھی رہے اور تیز نویس بھی۔ ہزاروں صفحات کی کتابت نیز کتابوں اور رسائل کے ٹائٹل ڈیزائن کرچکے ہیں۔
عبدالمجید سالک ؔ صاحب نے ہر چند کہ خطاط الملک تاج زرّیں رقم کی رحلتِ پُراَندوہ پر ایک تعزیتی نوٹ لکھا تھا مگر ہم اسلم صاحب کی تہنیتِ پُرشکوہ کے موقع پر اس کی اک سطر کا حوالہ من و عن دینا پسند کرتے ہیں کہ پیغام میں ایک زبردست ترسیل مخفی ہے۔ ملاحظہ کیجیے: ’’سلاطین کے زمانے میں زیادہ تعجب انگیز نہیں مگر جمہوریت کے اس دور میں جب فن کے قدردان محض لفظی ہمدردی کرتے ہیں خطاط الملک جیسے فنکار کا پیدا ہونا ان کے اپنے فن سے لگاؤ اور محنت کی دلیل ہے‘‘۔
اسلم صاحب کا سب سے زیادہ قابلِ سپاس کارنامہ یہ ہے کہ آپ نے استادِفن خطاط الہند فیض مجدد لاہوری کا ’مرقعِ فیض‘ ترتیب دے کر مبتدیان اور کاتبین و خوشنویسان کے لیے ایک لاثانی و رہنما کتاب منصہ شہود پر لے آئی جو ہنوز تشنگانِ علم و فن کے لیے ایک مرجع کی حیثیت رکھتی ہے۔



The "Sipasnama" image
Please click on the image to enlarge
پونہ کے سرکاری ادارہ ’بال بھارتی‘ کے قیام کے بعد پہلی جماعت کی اوّلین کتاب کو جب فیض صاحب اور ان کے شاگردوں بمع اسلم صاحب نے سپردِ کتابت کیا تو وہ ازخود خوشنویسی کا ایسا مرقع ثابت ہوئی کہ اکثر لوگوں نے اسی کے سہارے کتابت کے ابتدائی درس بھی حاصل کیے۔
اسلم صاحب ۱۹۷۴ء میں ’اردو کیلی گرافرز ایسوسی ایشن‘ کے صدر منتخب ہوئے تو اس وقت کاتبوں کے بیشتر مسائل اورالجھنوں کے تعلق سے کئی حل بھی پیش کیے۔ وہ ہر لحاظ سے اس جماعت کو خوشحال دیکھنا چاہتے تھے۔ آپ اخبارات کو عملۂ کتابت بھی فراہم کرنے کا ذریعہ تھے۔ مہاراشٹر اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کے قیام کے بعد ایک سہ ماہی جریدہ ’نورس‘ جاری ہوا تو اسلم صاحب کو اس کی کتابت و تزئین کے شعبہ کی ذمہ داری سونپی گئی۔ اس جریدہ کا نام بعد میں ’امکان‘ سے تبدیل ہو گیا۔ وہ جب تک جاری رہا اپنے دور کے لحاظ سے بالکل منفرد اندازِ پیش کش لیے ہوئے تھا۔
گذشتہ بیش از چالیس برسوں سے آپ فنِ کتابت و طباعت سے وابستہ ہیں۔ یہ سننے میں محض ایک معمولی سی بات لگتی ہے؛ مگر جاننے والے جانتے ہیں کہ یہ انقلاباتِ دنیائے طباعت کا وہ زمانہ ہے کہ جس کے ہر دوپانچ برسوں میں ایک نئی تکنیک کی آمد ہوتی رہی اور پرانی تکنیک کباڑ کی نذر کی جاتی رہی تھی۔ان تیزترین تبدیلیوں کے ہم رفتار ممبئی کی دنیائے اردو صحافت نے جس اکلوتے شخص کو مستقل سفرانداز پایا وہ کوئی اور نہیں صرف محمد اسلم کرتپوری ہیں۔ آپ محض کاتب اور خوشنویس ہی نہیں رہے بلکہ اردو اخبارات میں ’صفحہ اوّل‘ نیز ’سینٹر اسپریڈ‘ جیسے صفحات کی تزئین و آرائش (لے آؤٹ ڈیزائننگ) میں بھی ندرت اور زیبائش پیدا کرنے نیز قارئین کے لیے قابلِ توجہ و مرغوب بنانے کی مسلسل کاوشیں کی۔ آپ نے صحافت کے تمام شعبوں میں جدید مشینی تکنیک پر شائع ہونے والے انگریزی اخبارات کے مساوی دستی (Manual) فن پیش کرکے دادِ تحسین پائی۔
رنگین طباعت کے شروع ہوتے ہی ممبئی میں سب سے پہلا اردو چہاررنگی ماہنامہ ’’ہیما‘‘ (۱۹۷۳) دے کر اسلم صاحب نے صرف اخبار نہیں پیش کیا بلکہ یہاں کی اردو دنیا کو حوصلہ و نظر دیا۔اس کے بعد ۱۹۸۶ء میں بھی رنگین ہفت روزہ اخبار ’’الفتح‘‘ کی رسمِ اجراء مشہور پنج ستارہ ہوٹل ’’تاج اِنٹرکانٹی نینٹل‘‘ میں کرواکے یہ پیغام دیا کہ اردو اخبارات کا اجرا بھی باوقار انداز میں کیا جاسکتا ہے اور سب نے دیکھا کہ ابتدا سے ہی ’الفتح‘ اردو دنیا میں ایک ہلچل کا سبب بنا رہا۔
رفتہ رفتہ اردو دنیا کے افق پر بھی کمپیوٹر کی روشنی پھیل گئی۔ اسلم صاحب کی خواہش کے مطابق ان کے شاگرد ڈاکٹر ریحان انصاری نے فیض صاحب کے عکسِ کتابت کو ڈیجیٹل روپ دیا جس کی نوک پلک کو اسلم صاحب نے پورے استقلال کے ساتھ درست کیا۔اسے فونٹ کی صورت میں سید منظر حسن زیدی نے منتقل کیا اور اس فونٹ کو ’فیض نستعلیق‘ سے موسوم کرکے فیض صاحب کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اسلم صاحب خوش خلق ہیں، بردبار و متحمل طبع شخص ہیں، صلحِ کل اور باغ و بہار طبیعت کے مالک ہیں۔ آپ کسی کا بھی تعاون کرنے میں پیچھے نہیں رہتے۔ اسی لیے ان کی بیٹھک کے احوال تو دیکھنے یا سننے سے زیادہ تجربہ لینے سے تعلق رکھتے ہیں۔ وہاں ادیب و شاعر، صحافی و فنکار ، سیاستداں، علمی و فلمی ہستیاں اور تمام ہی شعبۂ حیات سے متعلق افراد کی آمدورفت رہا کرتی ہے۔ یہ دروازہ ہر کسی کے لیے ہمیشہ کھلا رہتا ہے۔ یہ مقبولیت و التفات کی علامت ہے۔
ہمیں اعتراف ہے کہ ممدوح نے ہر موقع و محل پر بہت بڑی خدمات انجام دی ہیں اور آج کمپیوٹر کے ذریعہ ڈیجیٹل طغروں کی تشکیل کا انقلابی کام بھی انجام دیا ہے جو ایک نیا سنگِ میل قائم کرتا ہے۔ اس جشنِ تہنیت پر ہم جملہ احباب و تلمیذانِ اسلم ان کی خدمت میں مبارکباد کے ساتھ ہدیۂ سپاس بھی پیش کرنا چاہتے ہیں۔
’’گرقبول افتد زہے عز و شرف‘‘
منجانب: محمد اسلم کرتپوری فیلی سٹیشن گروپ، ۱۰فروری ۲۰۱۲ء، بروز جمعہ
بمقام: کریمی لائبریری، انجمن اسلام، سی ایس ٹی، ممبئی