Our Sacrifice: Few Queries we face Dr. Rehan Ansari |
ذی الحجہ کے پہلے عشرے میں (بلکہ کچھ پہلے سے ہی) برادرانِ اسلام اور برادرانِ وطن سے چند باتیں اور ملاقاتیں۔ ان ملاقاتوں میں سوالات اور چند تشویش (عملِ ذبیحہ سے ناپسندیدگی پڑھیں) کا اظہار۔ ان سب کا لبِ لباب ایسا نکلتا ہے کہ عیدالفطر (یعنی میٹھی والی) سے ’ہماری یہ عید کچھ ٹھیک ٹھاک نہیں ہے‘!... معاذاﷲ ثم معاذاﷲ۔ آپ بھی ایسے حالات سے دوچار ضرور ہوتے ہوں گے۔
آئیے ، دیکھیں کیسی کیسی باتیں ہوتی ہیں۔ اتنے بڑے پیمانے پر مسلم بستیوں یا مذبح خانوں میں سال میں اور کسی دن جانور ذبح نہیں کیے جاتے۔ اس لیے بعض لوگ جو مویشیوں کے ساتھ ہمدردی رکھتے ہیں انھیں بڑا ناگوار گذرتا ہے۔ایک صاحب نے، جو دواخانوں میں دوائیں ڈسٹریبیوٹ کرتے ہیں اور ہندو عقیدہ کے ہیں، ہم سے پوچھا کہ اگر آپ لوگ ان جانوروں کو اتنی کٹھورتا سے قتل نہیں کریں گے تو کیا فرق پڑ جائے گا؟... بڑا راست سوال تھا۔ ہم نے سوچا انھیں جواب کیا دیا جائے؟... بہرحال ان سے کہا کہ آپ اصل میں ایک مخصوص ماحول کے پلے بڑھے ہیں اس لیے میں آپ کو اس سوال کا جواب ضرور دوں گا لیکن ایک بات بتلائیے کہ قربانی جسے آپ ’بلی‘ کہتے ہیں، کیا پوری دنیا میں یا ہندوستان میں صرف مسلمان دیتے ہیں؟ اور بلی کا مطلب ہی عام طور سے جان کی بلی سے لیا جاتا ہے۔ وہ کسی قدر سٹپٹائے لیکن قائل ہوگئے۔ ہم نے کہا اب آپ کے سوال کا جواب یہ ہے کہ مسلمان ایک خاص حکم کے تحت اور محض مخصوص تین دنوں میں یہ عمل کرتے ہیں۔ اسے قتل نہیں کہتے بلکہ ’ذبح‘ کہتے ہیں۔ ذبح ایک مکمل تربیتی عمل ہے۔ عبادت کا ایک جز ہے۔ مسلمانوں کو کوئی اور منفی جذبہ یا نجی مفاد و لالچ جانوروں کی جان لینے پر نہیں اکساتی۔ یہ جذبہ صرف اور صرف نسبتِ انبیاء علیہم السلام اور ان کی پیروی سے متعلق ہے۔ خالصتاً۔ پھر چوپایوں مویشیوں کی ایک مخصوص فہرست کے تحت۔ ان کے علاوہ کوئی جانور نہیں لیے جاتے۔
Milk is for the calves but humans steal it Can it be told so... nay |
مذکورہ بالا صاحب سے ہم نے یہ بات بھی کہی کہ صرف عیدِ قرباں کے موقع پر ایسے سوال کیا غمازی کرتے ہیں۔ منفی۔ سال بھر جو مچھلیاں، مرغ، بکرے، اور دوسرے حلال و حرام چوپایے کاٹے اور بیچے جاتے ہیں ان کی سوپر بازاروں میں باقاعدہ نمائش کی جاتی ہے وہاں (ان ٹریڈرس کے سامنے) آپ لوگوں کو یہ سب کہتے ہوئے نہیں دیکھا جاتا؟ صرف اخباروں یا میڈیا میں ادھ ننگے یا مکمل برہنہ فوٹو شائع کرنے تک آپ سب کو متحرک دیکھا جاتا ہے۔ کیا سوپر مارکیٹ میں کٹنے والے یہ جانور سب بے جان ہوتے ہیں؟... تو وہ بغلیں جھانکنے لگے۔ پھر دنیا بھر میں جو لوگ ہڈیوں اور چرمی اشیاء کے کاروبار سے متعلق ہیں اور بڑے بڑے ایکسپورٹر اور امپورٹر ہیں ان کے سامنے یہ باتیں اور مظاہرے کیوں نہیں کیے جاتے۔ وہ تو بیشتر اور اکثر غیرمسلم ہی ہیں!... خود PETA کے مظاہرین میں کتنے بہت سے ہوں گے جو چمڑے کی اشیا، بیلٹ، پرس، والیٹ، جوتے اور جوتیاں وغیرہ استعمال کرتے ہوں گے۔
Some Rare Breed Cattles All season costly animals |
It's difficult to find people who do not like to possess Leather goods |
بہرکیف ایسے اور نہ جانے کتنے واقعات ہیں جو ذی الحجہ کے چاند کی دید سے شروع ہوکر عید تک چلتے ہیں اور ہم میں سے اکثر کو الجھن میں ڈالے رہتے ہیں۔ اﷲ ہمیں راستی کی توفیق عطاکرے اور ان اعتراضات کا جو ہمارے ملک میں مقدر ہیں کا صحیح انداز سے جواب دینے کی صلاحیت عطا فرمائے۔ ایں دعا است۔ (آمین)