Power-loom industry is facing recession But the young are in possession Wake up dear citizen Dr Rehan Ansari |
عقابی روح جب بیدار ہوتی ہے جوانوں میں
نظر آتی ہے ان کو اپنی منزل آسمانوں میں
ہمارے یہاں جوان بھی ہیں اور نوجوان بھی، مگر ہمارا حال یہ ہے کہ:
نوابی روح جب بیدار ہوتی ہے جوانوں میں
نظر آتے ہیں وہ ریسورٹ میں ہوٹل میں ڈھابوں میں
Powerloom machines used to weave clothes |
اصل میں جب کاروبار زوروں پر چل رہا ہوتا ہے تو روپے کی موٹی موٹی گڈّیاں ہاتھوں سے پکڑنا مشکل ہو جاتا ہے۔ جیب پھول کر بے ڈھب سی لگتی ہے، مصرف سوائے اسراف کے کچھ اور نہیں سوجھتا۔ نظر نظر کا سوال ہے۔
Dhaba, Resort, Resort Food and
Hookah smoking youngsters
مندی کے دنوں میں سیاسی پارٹیوں اور سیاسی منڈلوں کی بھی نکل پڑتی ہے۔ وہ بھی ٹسوے بہانے کے لیے حاضر ہو جاتے ہیں۔ اصل میں دیکھا جائے تو یہ پارٹیاں یا منڈل بھی شہر کے سیٹھوں سے ہی بھرے ہوئے ہیں۔ اس لیے سبھی ’’تُو ہائے گُل پکار، میں چلّاؤں ہائے دِل‘‘ کی ہاہاکار لگاتے ہیں۔ کسی غلط فہمی کی پیدائش سے پہلے ہم واضح کردیں کہ ہم ان سب ( سیاسی اعمال و تحریک) کے خلاف قطعی نہیں ہیں اور نہ ہی دل میں کوئی کدورت ہے۔ مگر مقصدِ تحریر صرف اتنا ہے کہ جب کاروبار میں تیزی ہوتی ہے تو ہم سب اپنے آپ کو، اپنے کاروبار کو، اپنے شہر کو اور اس شہر سے متعلق دوسرے ضمنی کاروبار کو ڈھکے چھپے انداز میں کتنا دھوکا دیا کرتے ہیں؟کوئی شہر اس وقت ترقی کرتا ہے جب حالات پُرامن ہوں اور آمدنی اچھی ہو۔ لیکن پتہ ہے کہ جب بھی ایسے حالات ہوتے ہیں تو ہم سب کے اندر کا چور جاگ جاتا ہے۔ ہم سب بالکل چُپ سادھ لیتے ہیں۔ ضرورتمندوں سے آنکھیں چراتے ہیں۔ شہر کے لیے ترقیاتی منصوبے (عوامی فلاحی و تعلیمی پڑھیں) بنانے کے لیے صرف کارپوریشن (بلدیہ) پر تکیہ رکھتے ہیں (جو بدقسمتی سے ہمیشہ اُلٹے منصوبے ہی بنایا کرتی ہے)۔ کبھی کسی سیاسی یا نیم سیاسی جماعت کی جانب سے طلبہ کے لیے کوئی ترغیبی اعلان، اسکیم یا اسکالرشپ جاری نہیں ہوئی ہے۔ پاورلوم کے کاروبار میں جدیدترین تکنیک داخل کرنے کی جانب کبھی نوجوانوں کو تحریک نہیں دی گئی۔ کارخانے سنبھالنے والے نوجوانوں پر صرف دو یا تین ہی ذمہ داریاں ڈالی جاتی ہیں۔ پہلی یہ کہ کاریگر (Weaver worker) وقت پر ڈیوٹی کے لیے آنا چاہئیں، دوسری مقادم (Technician) اور مہتا (Assitant accountant / Supervisor) کی ڈیوٹی کی نگرانی رکھنا اور تیسری یہ کہ پگار (تنخواہ) کے روپے بینکوں سے نکال کر کاریگروں میں تقسیم کرنا... بس...اس سے آگے پاور کابل اور دوسرے اخراجات میں جہاں تک ہوسکے سب ایڈجسٹمنٹ کرتے رہنا ہے!... نہ مستقبل کا کوئی بڑا مقصد ہے، نہ رجحان ہے، نہ نظر ہے اور نہ اس کی کوئی تحریک ہے۔ یہی سبب ہے کہ کوئی درد اٹھتا ہے تو صرف مندی میں، دردمندی میں نہیں!
مندی کے دنوں میں یہ بات بھی خبروں کا حصہ بنا کرتی ہے کہ پاورلوم جیسی گھریلو (چھوٹی) صنعت ملک میں کپڑوں کی پیداوار کا تقریباً ستّر فیصدی حصہ دیتی ہے اور باقی تیس فیصدی حصہ کپڑا ملوں کے ذریعہ تیار ہوتا ہے۔ اس خبر کا دلچسپ حصہ یہ تجزیہ ہے کہ تیس فیصدی ملیں پوری طرح سے منظم نیز ہر سرکاری سہولت سے آراستہ و مستفید ہیں اور ستّر فیصدی ہونے کے باوجود ہم سب غیرمنظم ہیں! یہ رونا بھی ہم بچپن سے ہی سنتے آئے ہیں۔
سوچنا یہ ہے کہ کیا اس کے منظم ہونے (کرنے) کے لیے کوئی آسمانی مخلوق علیحدہ سے اُترنے والی ہے جو کوئی جادوئی ڈنڈا پھیرے گی اور سب منظم ہو جائے گا؟ اس کے لیے ہم ہی قصوروار ہیں۔ اس کا لائحۂ عمل اسی پُرامن اور پُرآمدنی دور میں ترتیب دیا جانا ضروری ہے۔مگر ہم سب ٹھہرے ہوٹل وادی، ڈھابہ وادی۔ آخر حقّے کے کش اور چکن کی ڈِش سے اٹھنے والے دھوئیں میں ہمیں کوئی تعمیری خواب نظر کہاں سے آئے گا.