To View This Blog in Nastaliq Script Download Faiz Nastaliq Unicode Font

Download Faiz Nastaliq Unicode Font from http://www.faiznastaliq.com/faiznastaliq.zip unzip & install it to your windows/font directory

Wednesday, September 12, 2012



 I Regret for the last post about
ASMA-UL-HUSNA
Dr. Rehan Ansari
اپنی سابقہ پوسٹنگ سے متعلق ہمیں یہ غلط فہمی یا خوش فہمی تھی کہ ایک خدمت کر رہے ہیں!، لیکن احباب کی آرا اور مشوروں نے مجھے خود کمربستہ کردیا کہ تحقیق و جستجو کی جائے۔ اپنی اصلاح بھی مقصود تھی اور ازالۂ غلط فہمی بھی۔ اﷲ نے مدد فرمائی۔ ابواب کھلے۔ خصوصاً محترم ضیاء الرحمٰن انصاری صاحب (ہیڈماسٹر رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیر کالج، بھیونڈی) نے جامع ترمذی کے حوالے سے میری اصلاح سب سے پہلے کی۔ ان کے بعد مولانا امتیاز احمد فلاحی صاحب (اقرا ہاؤس، بھیونڈی) کو میں نے کافی زحمت دی اور انھوں نے متعدد کتب کی ورق گردانی کرکے اس ناچیز پر بڑا احسان کیا اور بڑی معلومات افزا باتیں بتلائیں۔ انھیں کے توسط سے مجھے مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ کی تحریروں سے مولانا عبدالوکیل علوی صاحب کی ترتیب و تخریج شدہ کتاب ’’تفہیم الاحادیث‘‘ بھی ملی جس کے صفحات (جلد اوّل) کا عکس میں آپ کی خدمت میں پیش کررہا ہوں، (ان پر click کر کے انھیں بڑا دیکھ سکتے ہیں)۔ [مطبوعہ: فروری 2009]
مجھے یہ مشورہ بھی ملا کہ اپنی سابقہ پوسٹنگ کو delete کرکے خارج کردوں۔ مگر میں نے بہتر یہ سمجھا کہ دستیاب معلومات کو آپ تک پہنچانا ضروری ہے اس لیے میں اپنی اس پوسٹ کو منسوخ کرنے کا اعلان بھی کرتا ہوں اور اسی کے حوالے سے اپنی تصحیح کررہا ہوں۔ آپ سابقہ پوسٹ بھی پڑھ سکتے ہیں کہ میں کیسی غلط فہمیوں کا حامل رہا ہوں۔ گمان یہ بھی ہے کہ مجھ ایسے کچھ افراد اور بھی ہیں جو مندرج ’’الستار‘‘ کو شاملِ اسماء الحسنیٰ سمجھتے ہیں۔ اﷲ تعالیٰ کے ننانوے ناموں سے متعلق احادیث موجود ہیں۔ ’’تفہیم الاحادیث‘‘ میں تین مختلف طرائق کا بیان ہے، صفحہ 154 کی تصویر ملاحظہ کریں، ان طرائق میں بیان کردہ مختلف اسماء کی جملہ تعداد 128 ہوجاتی ہے، سبب یہ ہے کہ احادیث میں گنتی دی گئی ہے مگر جملہ ناموں کو کسی ایک حدیث میں نہیں دیا گیا ہے۔بعد میں محدثین کی تحقیق سے انھیں مدوّن کیا گیا ہے۔ ان سب کے معانی اور تخریجی حوالے مع تفصیل و تفہیم صفحہ نمبر 159 سے صفحہ نمبر  336تک دی گئی ہے اور اخیر میں ان کے مآخذ کا تذکرہ بھی ہے۔ ان تمام بیان کردہ اسماء الحسنیٰ میں ’’الستار‘‘ شامل نہیں ملا۔











اخیر میں درخواست ہے کہ اس سلسلہ میں اگر کہیں مزید مستند حوالہ دستیاب ہو تو اس کم علم کے علم میں اضافہ کرنے کا کرم کریں۔
میری اصلاح کے لیے میں اپنے تمام مذکورہ بالا وغیر مذکور احباب و خیرخواہوں کا شکرگذار ہوں۔ جزاکم اﷲ خیراً کثیراً
۔