To View This Blog in Nastaliq Script Download Faiz Nastaliq Unicode Font

Download Faiz Nastaliq Unicode Font from http://www.faiznastaliq.com/faiznastaliq.zip unzip & install it to your windows/font directory

Saturday, May 28, 2011

Islam and Peace / Shanti
کچھ باتیں کبھی کبھی بیحد پریشانی کا باعث ہوتی ہیں۔ گذشتہ دنوں چند احباب سے مجلس میں گفتگو کے دوران یہ نکتہ پیش کیا گیا کہ تقریباً سبھی نظریاتی ادیان اور مذاہب شانتی، امن اور Peace کی باتیں کرتے ہیں۔اور یقینا انھوں نے اسلام کی تعلیمات سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے نظریات و اصول ساخت کیے ہیں۔ میرے ذہن میں ایک رَو سی بہہ گئی۔ اپنی تعلیم و تربیت کے زیرِ اثر محسوس کیا کہ نکتہ سمجھنے میں کہیں کوئی غلطی ہو رہی ہے۔ میں نے دخل انداز ہوتے ہوئے کہا کہ ’’اُن کے نظریۂ امن اور اسلام کے نظریۂ امن میں فرق ہے۔ ان تمام کی تعلیمات کی رُو سے ’آدمی اندر سے مطمئن اور شانت‘ ہو جائے تو اس میں سے برائیاں ختم ہو جاتی ہیں۔ اور اسی طرح دنیا سے برائیاں ختم ہو سکتی ہیں... بھلا یہ اصول عالمگیر طور پر قابلِ اطلاق یا قابلِ قبول ہے بھی؟...ہرگز نہیں... بالکل نہیں... کبھی بھی نہیں!۔ اسلام کا نظریۂ امن انصاف پسندی پر مبنی ہے، ’سماجی اور معاشرتی انصاف پسندی پر‘... آدمی کی نجی اطمینان پسندی پر نہیں... ظالم کو روکنے اور مظلوم کو اس کا حق دلانے پر۔ اور چونکہ ازل سے ابد تک یہ سلسلے انسانی سماج کا لازمی حصہ ہیں اس لیے یہ اصول عالمگیر ہیں اور سدا رہیں گے۔ اسی سبب اسلامی امن پسندی سے دنیا کاٹکراؤ بھی ہمیشہ ہوتا آیا ہے اور آئندہ بھی رکنے والا نہیں ہے۔ کیونکہ صرف اور صرف اسلام کو قبول کرنے میں ہی اس دنیا کی نجات ہے... امن ہے۔بس یہیں فرق ہے نکتہ دانی کا۔ پھر یہ خود اسلام کے نام لیوا اگر نہ سمجھیں تب وہاں بھی امن باقی نہیں رہ جاتا۔
دنیا میں جن مسلمانوں نے ظلم و ناانصافی کے خلاف اپنی آواز بلند کی یا وہ غیر مسلم مصلحین نے بھی جنھوں نے ایسا ہی کام کیا، انھیں دنیا کے اکثریتی سماج نے ہمیشہ ناپسند کیا، سزائیں دی، اور ہمیشہ فتنہ انگیز ٹھہرایا ہے۔

داعیانِ   امنِ   عالم  کو   مبارکباد  دو
زیست رفتہ رفتہ مرگِ ناگہاں تک آگئی
اصل میں جس پریشانی و بے چینی کا ذکر میں نے ابتدا میں کیا ہے وہ یہی ہے کہ بہت مرتبہ کی گفتگو میں لوگ یہ کہا کرتے ہیں کہ اسلام امن کی دعوت دیتا ہے مگر مسلمانوں سے زیادہ مشتعل ہونے والی دنیا میں کوئی اور انسانی آبادی نہیں ہے۔ان محترم حضرات کو کبھی یہ محسوس و مشاہدہ کرنا چاہیے اور تاعمق کرنا چاہیے کہ آخر ایسا ہوتا کیوں ہے؟
Propagate Peace - A drawing by Razi Rehan Ansari
میرے خیال میں اوپری سطروں میں میں نے جو کچھ تحریر کیا ہے وہ ان کی تحقیق کا اوّلین سرا ثابت ہوگا۔ اور جب وہ وسعتِ اسباب میں سفر کریں گے تو ان پر کئی گرہیں کھلنی شروع ہو جائیں گی۔ ہر اس انسانی سماج میں جہاں خوشنما ناموں اور نظاموں کے ساتھ ظلم و حق سلبی کا رواج ہے وہاں اسلامی جذبۂ اخوت و جذبۂ انسانی کو پنپتے ہوئے پائیں گے اور ہر استبداد سے لوہا لیتے دیکھیں گے۔ خواہ اس کی سطح پھر محض کسی کے پیڑ یا درخت سے ایک ٹہنی بھی ناجائز طور سے توڑ لینے کی بات تک آئے۔ مگر یہ جنگ برائے امن و آشتی ہوتی ہے، برائے تخریب و تاراجی نہیں۔ اکبر الٰہ آبادی نے اس حقیقت کا بیان  کچھ یوں کیا ہے کہ:
یہی  فرماتے  رہے تیغ  سے پھیلا  اسلام
یہ نہ بتلایا کہ پھر توپ سے پھیلا کیا ہے؟
ظلم یا حق سلبی کئی انداز اور ہر درجہ پر کی جاتی ہے۔ حتیٰ کہ الٰہ العالمین تک پرانسان ظلم کرنے سے نہیں چوکتا۔ اسی لیے تو ارشادِ ربّانی ہے کہ ’’اِنّ الشّرک لظلم عظیم‘‘۔ کیونکہ معبودیت صرف اﷲ کو زیبا ہے۔ اسی کا حق ہے۔ اور انسان جب کسی اور کی عبادت کرتا ہے، دوسرے کو معبود مانتا ہے تو وہ ظلمِ عظیم کرتا ہے۔اسی سبب کوئی مومن جب کسی کو شرک میں مبتلا پاتا ہے تو دل کو مسوس کر رہ جاتا ہے۔ جس کسی کا بس چلتا ہے تو وہ انسانوں کو شرک کرنے سے روکتا ہے مگر اس کا متحمل ہر مومن نہیں ہوسکتا۔ اور جو متحمل ہیں خواہ تنہا یا مقتدرانہ؛ تو وہ دنیا میں دقیانوسی قرار دیئے جانے کے علاوہ اور نہ جانے کن کن الزامات کو برداشت کرتے ہیں۔ دعوۃ الی اﷲ تو ہر مومن کا فرض ہے۔اور اسے کما حقہ ادا کرنا چاہیے۔ مگر اس کے لیے پیغمبروں (علیہم السلام) کی حیاتِ مبارکہ سے روشنی لینا ضروری ہے۔ اپنے من مانے طریق سے اجتناب و گریز کرنا چاہیے۔ اُن پاک ذاتوں (علیہم السلام) نے جس طرح اپنی قوم میں مخالفین کا سامنا کیا اور اہلِ ایمان کا حوصلہ و اعتماد بڑھایا اس پر غور و تدبر سے کام لینے کی ضرورت ہے۔ دنیا میں یہ ہر زمانے کی داستان ہے اور تاقیامت جاری رہنے والا عمل ہے۔ہمیں بھی اﷲ نے خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلّم  کے بعد اسی مقصد کو زندگی میں اپنانے کے لیے اجاگر کیا ہے۔ بقول شبیر احمد راہی:
تجھی سے منشائے رب کی تکمیل ہوگی اس دورِ گمرہی میں
کوئی پیمبر نہ آئے گا اب، تو کس کے پھر انتظار میں ہے
اس لیے امن و شانتی جیسے انسان ساختہ نعروں اور نظریات سے بچتے ہوئے ہمیں بھی اصولی امن و شانتی کو اپنانے کی ضرورت ہے اور ہر تشدد سے بچنے کی بھی.

2 comments:

Hamid Iqbal Siddiqui said...

wah!

ChashmDeed said...

Mazmoon pr Razi ki drawing ka jawab nahi....bahot khoob.....