Doctors should plan Nice Life After 60Dr. O. P. Kapoor |
’نگاہِ لطف و کرم کے صدقے حضور محفل میں آپ آئے
بنا کے پلکوں کا شامیانہ نظر ہیں راہوں میں ہم بچھائے‘
بھیونڈی کے سینئر اسکول ٹیچر ملک مومن کے اس شعر کے ساتھ جب ڈاکٹر سُپریہ اَرواری نے ممبئی کے سینئر موسٹ فزیشین ڈاکٹر او پی کپور (Dr. O P Kapoor) کا استقبال کیا تو تقریباً ڈھائی سو ڈاکٹروں کی پوری جمعیت نے تالیوں کی گھڑگھڑاہٹ میں کھڑے ہوکر ان کی تکریم کی۔ Dr. OP Kapoor being presented the memento at the occasion L to R: Dr. VB Joshi, Dr. OP Kapoor, Dr. Ghiyasuddin Ansari, Dr. Manohar Arwari |
بھیونڈی میں غالباً ڈاکٹر او پی کپور کا یہ پہلا لیکچر تھا۔ ان کی مقبولیت اور خواہش کے عین مطابق بھیونڈی کے مصروف ترین کنسلٹنٹ ڈاکٹروں کے علاوہ مصروف فیملی ڈاکٹرس بھی ’حنا ہال‘ پہنچ چکے تھے۔ معروف سرجن ڈاکٹر غیاث الدین انصاری کی سربراہی میں بھیونڈی آئی ایم اے کا یہ تاریخی لیکچر اپنے ٹھیک وقت پر شروع ہوا اور ڈاکٹر او پی کپور صاحب نے پیرانہ سالی کے باوجود نہ صرف یہ کہ تقریباً ایک گھنٹے کا سیرحاصل لیکچر دیا بلکہ اپنے مشغلہ کا تعارف پیش کرتے ہوئے سولہ پرانے فلمی گیت پیش کرکے نغمہ و موسیقی کا سماں باندھ دیا تھا۔ جو لوگ ان کے اس مشغلہ سے واقف نہیں تھے ان پر حیرتوں کا ڈیرہ تھا اور جنھیں معلوم تھا وہ ’’ذرا عمرِ رفتہ کو آواز دینا‘ کی گردان کرتے نظر آرہے تھے۔
Dr. OP Kapoor Addressing the Audience |
انھوں نے بڑے عاجزانہ انداز میں یہ بھی بتلایا کہ نئے زمانے میں ہم دیکھ رہے ہیں کہ فلمی میڈیم کے لوگ پورے سماج کو تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ ہر سطح پر کھوکھلا کر رہے ہیں۔ اسی سماج کا ہم طبی لوگوں پر بہت زیادہ اعتماد ہے، بھروسہ ہے۔ اس لیے یہ خدمت بھی کریں کہ سماج سے برائیوں کو اپنی سطح سے ختم کرنے کے لیے کمربستہ ہوجائیں۔ مریض یا اس کے رشتہ دار اگر چاہتے ہیں کہ ان کو برائیوں، عادتوں اور لتوں سے چھٹکارا حاصل ہو تو کوشش کرکے ان کی ہر ممکن مدد اور علاج کریں۔ یہ لوگ ہماری باتیں سنتے ہیں اور مانتے ہیں۔
ڈاکٹر او پی کپور نے پروگرام کے اختتام پر ہر فلمی دور کے لحاظ سے یکے بعد دیگرے طلعت محمود، ہیمنت کمار، محمدرفیع، مکیش، منّاڈے، مہیندرکپور، کشورکمار اور جگجیت سنگھ کے منتخب نغمے سنا کر حاضرین کا دل جیت لیا۔سچ پوچھیے تو میڈیسین جیسے خشک موضوع کو لطائف، ڈرامے اور نغموں کی آمیزش کرکے دلچسپ بنانے میں آج بھی ڈاکٹر او پی کپور کا جواب ہمارے درمیان نہیں ہے۔ ہم ان کے پچپن برسوں پر محیط اس تدریسی تہدیہ (Dedication) کو سلام کرتے ہیں.
No comments:
Post a Comment