To View This Blog in Nastaliq Script Download Faiz Nastaliq Unicode Font

Download Faiz Nastaliq Unicode Font from http://www.faiznastaliq.com/faiznastaliq.zip unzip & install it to your windows/font directory

Thursday, June 16, 2011

Otomycosis-Fungus in the Ear
برسات کے دنوں میں کان کے درد کا عارضہ لاحق ہونا بالکل عام بات ہے۔ برسات کا موسم اور پھپھوند (Fungus) کی پیدائش لازم و ملزوم سمجھے جاتے ہیں۔
’’پھپھوند‘‘
عالمِ نباتات کی طفیلی قسم ہے؛ یعنی یہ اپنی بقائے حیات کے لیے دوسرے نباتات و حیوانات پر منحصر ہوتی ہے۔ اپنے عرصۂ حیات کی تکمیل کے لیے دیگر قابلِ نمو یعنی نامیاتی (Organic) اشیاء پر انحصار کر کے ان سے غذا حاصل کرتی ہے۔ اس کی نمو کے لیے دو چیزوں کی اشد ضرورت ہوتی ہے: نمی اور حرارت۔

اسباب

٭ تیراکی کے دوران یا نہانے کے درمیان کان میں پانی چلا جاتا ہے۔ ٭ ہوا کے ذریعہ بھی پانی کے بخارات کان کی نلی میں جاگزیں ہو جاتے ہیں۔
ان ذرائع سے پھپھوند کے باریک باریک تولیدی ذرّات جنھیں ’بذرے‘ (Spores) کہتے ہیں وہ بھی کان کے اندر پہنچ جاتے ہیں۔ ہمارے بدن کی حرارت اسے نمو پانے کے لیے درکار حرارت مہیا کرتی ہے۔ اور کان میں پھپھوند جڑ پکڑ لیتی ہے پھر خوب تیزی کے ساتھ پھلتی پھولتی ہے۔
بسا اوقات کانوں میں لوگ احتیاط سے یا کسی طبی مشورے کے بغیر ہی اینٹی بایوٹک دوائیں ڈالتے ہیں۔ یہ دوائیں بھی وہاں پھپھوند کے اُپجنے کا ماحول تیار کرتی ہیں۔

قسمیں
Aspergillus niger - fungus
کانوں میں اگنے والی پھپھوند بھی عام طور سے تین قسم ہوتی ہیں: Aspergillus niger, A. fumigatus  اور Monilia albicans۔ ان میں بھی زیادہ عام A. niger ہے۔
ماہیت اور علامات
کان کی بیرونی نلی میں پھپھوند اپنی جڑیں پیوست کر لیتی ہے۔ ابتدائی طور پر کانوں میں شدید کھجلاہٹ ہوتی ہے۔ رفتہ رفتہ کان بھرا ہوا محسوس ہوتا ہے اور پھر کان میں اچانک درد شروع ہو جاتا ہے۔ گندی اور کبھی بدبودار رطوبت خارج ہونے لگتی ہے۔ درد کی وجہ سے جبڑے کھولنے میں دقّت بھی ہو سکتی ہے۔
معائنہ کرنے پر ابتدا میں کان کی بیرونی نلی میں کپاس کے ہلکے گالے کی مانند فنگس (پھپھوند) دکھائی دیتی ہے۔ جس کی شباہت برسات کے موسم میں روٹی / کیک یا چرمی جوتوں / پرس پر جمنے والی پھپھوند کی طرح ہوتی ہے۔ A. niger کے انفیکشن میں بیرونی طور پر کالی رنگت بھی پائی جا سکتی ہے۔ دھیرے دھیرے اس کی ظاہری شکل و صورت ’گیلے اخباری کاغذ‘ جیسی بن جاتی ہے۔ اس میں سفید، مٹیالی اور کالی ملی جلی رنگت پیدا ہو جاتی ہے۔  A. fumigatus کی رطوبت سبزی مائل زرد ہوتی ہے۔ اور Monilia کی رنگت دہی جیسی سفید ہوا کرتی ہے۔ کان کی بیرونی نلی میں ورم کی ساری علامات اور نشانیاں ملتی ہیں۔

Fungus in the Ear canal
علاج
علاج اصل میں تین باتوں کا متقاضی ہے۔
۱) پھپھوند سے نجات حاصل کرنا
۲) درد سے آرام دلانا
۳) آئندہ کے لیے تحفظی تدابیر
کانوں کی صفائی کے متعدد طریقے اختیار کیے جاتے ہیں۔ ان میںسب سے عام کان کی بیرونی نلی کی پچکاری کی مدد سے صفائی کرنا ہے جس میں صاف شدہ پانی کو اسٹیل کی پچکاری کے ذریعہ دباؤ کے ساتھ کان کی نلی میں ایک مخصوص زاویہ پر پانی کی دھار ماری جاتی ہے اور نتیجتاً وہ اپنے ساتھ کان میں موجود میل یا پھپھوند لے کر بہہ کر باہر گرتا ہے۔ 
(تصویر ملاحظہ کریں)
Syringing the Ear
اس کے علاوہ روئی (کپاس) کی مدد سے بھی کان کو صاف کیا جاتا ہے اور کان صاف ہونے کے بعد اس کے اندر مخصوص دوائیں پھیر دی جاتی ہیں۔ تاکہ وہاں سے پھپھوند کی جڑیں نابود ہو سکیں۔
یہ اعمال اکثر کئی دن تک متواتر جاری رکھنا پڑتے ہیں ورنہ پھپھوند کا معمولی سا حصہ بھی باقی رہ جانے کی صورت میں وہ دوبارہ اسی تیزی کے ساتھ بڑھ جاتی ہے۔
پھپھوند کے علاج کے لیے مخصوص دوائیں Miconazole یا Clotrimazole یا Tolnaftate کے علاوہ Nystatin، Ketoconazole، Fluconazole وغیرہ۔
درد سے نجات پانے کے لیے دردکشا دوائیں دی جاتی ہیں۔ اسی طرح کھجلاہٹ سے آرام دلانے کے لیے بھی علامتی علاج Antihistamine (اینٹی ہسٹامین) سے کیا جاتا ہے۔
احتیاط
٭معمولی علاج زیادہ اثر نہیں رکھتا اس لیے کم سے کم دو سے تین ہفتوں تک علاج کرنا چاہیے۔ثانوی انفیکشن (Secondary infection)بھی ممکن ہوتا ہے جو مرض کو پیچیدہ کر دیتا ہے۔اس لیے ضروری اینٹی بایوٹک دوائیں بھی استعمال کرنا چاہیے۔٭ مرض کے بار بار حملے سے بچاؤ کے لیے کان میں پانی پڑنے نہ دیں۔ (کانوں کی صفائی کا نظام فطرت نے رکھا ہے)۔ ٭ کانوں میں کسی بھی سبب تیل یا تمباکو وغیرہ نہ ڈالیں کہ یہ بھی پھپھوند کی خوراک ہیں۔ ٭ کانوں کو ناصاف چیزوں سے کریدنا نہیں چاہیے۔٭علامات میں تخفیف کے بعد درمیان میں ہی ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر دوائیں روکنا مرض کو دوبارہ دعوت دینے کے مترادف ہے



3 comments:

Anonymous said...

Gone through the article"Kaan ki phaphoond" obviously it is an informative and useful article.I came to know certain things which were not clear to me before,now doubts are clear.Such articles are awaited. Malik

Dr Rehan Ansari said...

Thanks a lot. InshaAllah I will keep it up. Pray for it. JazakAllah.

ChashmDeed said...

Mazmoon mashallah bahot maloomati hai.....is se sabhi istefada kar sakte hain......